نئی دہلی، 23/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) دہلی کی فضاء کا معیار ایک بار پھر ’سنگین‘ زمرے میں پہنچ چکا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران، جمعہ کی شام 6 بجے تک اوسط اے کیو آئی 401 تک پہنچ گیا۔ شہر کے 39 مانیٹرنگ اسٹیشنوں میں سے 19 اسٹیشنوں نے اے کیو آئی کی سطح کو ’سنگین‘ قرار دیا۔ سب سے زیادہ اے کیو آئی 445 جہانگیر پوری میں ریکارڈ کیا گیا۔
نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع خبر کے مطابق ہوا کا معیار، جو تقریباً ایک ہفتے سے سنگین اور انتہائی سنگین زمرے میں تھا، جمعہ کی صبح میں معمولی بہتری دیکھی گئی اور اے کیو آئی 371 کی ریڈنگ کے ساتھ 'انتہائی خراب' کیٹیگری میں تھا۔ تاہم، دن کے وقت ہوا کا معیار خراب ہوا، اے کیو آئی شام 5 بجے کے قریب 397 پر ہوا، اور شام 6 بجے تک 400 کا ہندسہ عبور کر گیا۔
لوکل سرکلز کے ذریعہ کئے گئے ایک سروے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ دہلی کے 75 فیصد گھرانوں میں کم از کم ایک فرد سانس کی بیماریوں جیسے گلے کی خراش یا کھانسی میں مبتلا ہے۔ دہلی-این سی آر میں آلودگی کے سب سے بڑے شراکت دار گاڑیوں سے کاربن کا اخراج اور پڑوسی ریاستوں میں کھیتوں میں فصل کی باقیات کو جلانے سے دھواں ہیں۔
دریں اثنا، آلودگی پر قابو پانے کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر، دہلی حکومت نے اپنے 50 فیصد ملازمین کو گھر سے کام کرنے کو کہا ہے۔ حکومت نے سڑکوں کی بھیڑ سے بچنے کے لیے تمام سرکاری ملازمین کے لیے دفاتر کے اوقات مقرر کرنے کا حکم دیا ہے۔ ہوا کے بگڑتے معیار کو روکنے کے لیے گریپ کے فیز چارکے تحت فی الحال انسداد آلودگی کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔